دہلی میٹرو پھر دوڑنے کےلیے تیار ،مگر ایمس کے ڈاکٹر کا انتباہ

نئی دہلی: دہلی میں کرونا سے روک تھام کے لیے نافذ پابندیوں میں نرمی کے بعد ایک بار پھر دہلی میٹرو چلنے کے لیے تیار ہے، لیکن ایمس کے ڈاکٹر نونیت وج نے کہا کہ میٹرو چلانے والے ڈی ایم آر سی کو زیادہ ہی محتاط رہنے کی ضرورت ہے ،کیونکہ اگر وہاں بھیڑ زیادہ ہوتی ہے، تو حالات ماضی کی طرح ہوسکتے ہیں ۔ڈاکٹر وجے نے اتوار کے روز کہا کہ ہمیں فوری طور پر میٹرو کا آغاز نہیں کرنا چاہیے ، لیکن تجرباتی بنیاد پر میٹرو سروس ایک سے دو ہفتہ کے لیے 33 سے 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلانے چاہیے،ہمیں تحمل برتنے کی ضرورت ہے۔ بصورت دیگر ، حالات بے قابو ہوجائیں گے اور اسے سنبھالنا مشکل ہوگا۔ خیال رہے کہ دہلی میٹرو دستیاب ٹرین میں سے صرف نصف ٹرین ہی پیر (آج)سے پانچ سے پندرہ منٹ کے وقفے سے چلیں گی۔یعنی7 جون سے دہلی میٹرو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چلے گی۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے ہفتے کے روز کہا کہ ہفتہ کو دہلی حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے پیش نظر 7 جون سے عوام کے لئے 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ میٹرو خدمات دوبارہ شروع کی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ لوگوں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ سفر کے دوران کرونا ضابطہ اور پروٹوکول پرعمل کو یقینی بنانے میں تعاون کریں۔