دہلی میں تیار 51 لاکھ افراد کی فہرست،پہلے مرحلہ میں انہیں ویکسین دی جائے گی

نئی دہلی :دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا کہ ہم نے 51 لاکھ لوگوں کی فہرست تیار کرلی ہے ، جن میں فرنٹ لائن ورکرز اور طبی نگرانی کرنے والے کارکن شامل ہیں ، جنھیں پہلے مرحلے میں کرونا ویکسین دی جائے گی۔ انہوں نے جمعرات کے دن کہا کہ حکومت نے ترجیحی زمرے کے لوگوں کو وصول کرنے ، ذخیرہ کرنے اور قطرے پلانے کے لئے بھی مکمل تیاری کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں پہلے مرحلے کی ویکسی نیشن کے لئے ایک کروڑ دو لاکھ ویکسین کی ضرورت ہوگی ، کیونکہ ویکسین کی دو خوراکیں دینا ہوں گی، ہمارے پاس فی الحال 74 لاکھ خوراکیں ذخیرہ کرنے کے انتظامات ہیں ، جن کو ہم اگلے ایک ہفتہ میں بڑھا کر 1.15 کروڑ کریں گے۔وہیں ملک کے 28 ریاستوں اور آٹھ مرکزکے زیر انتظام علاقوں میں کرونا کے باعث اموات کی شرح قومی اوسط 1.4فیصد سے نیچے آگئی ہے۔ پنجاب3.2فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ مہاراشٹر 2.6فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ لکش دیوپ واحد مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے، جہاں کسی کرونا کیس کی رپورٹ نہیں ہے۔بدھ کے روز ملک میں 24 ہزار 236 کرونا متاثرہ افراد کی شناخت ہوئی ، 29 ہزار 364 مریض ٹھیک ہوگئے،جبکہ 302 کی موت ہوئی ہے۔ اس طرح ایکٹیو کیسز کی تعدادمیں 5450 کی کمی واقع ہوئی ہے، اب تک مجموعی طور پر 1 کروڑ 23 لاکھ افراد کرونا متأثر ہوچکے ہیں، ان میں سے 96.92 لاکھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ، 1.46 لاکھ مریض فوت ہوچکے ہیں ، جبکہ 2.81 لاکھ مریضوں کا علاج چل رہا ہے ۔