نئی دہلی:دہلی میں کوروناوائرس کو لے کر وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج پریس کانفرنس کی۔اس دوران انہوں نے دہلی میں کوروناوائرس کے اعداد و شمار پیش کئے۔کیجریوال نے بتایا کہ یہاں 75 فیصد کیس کم علامات والے ہیں۔انہوں نے مزید کہا دہلی میں کوروناوائرس سے ہوئی کل اموات میں سے 82 فیصد 50 سال سے اوپر کے ہیں۔کیجریوال نے کہاکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ عمردراز لوگوں کی زیادہ اموات ہو رہی ہیں۔دہلی میں تقریبا 7000 مثبت معاملوںمیں سے تقریبا 1500 اسپتال میں ہیں۔زیادہ تر کیس کم علامات والے ہیں۔دہلی میں 91 مریض آئی سی یو میں ہیں جبکہ 27 مریضوں کا علاج وینٹی لیٹر پر چل رہا ہے۔وہیں 2069 مریض اب تک کوروناوائرس سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔اس مصیبت کی گھڑی میں ڈاکٹر اپنی جان خطرے میں ڈال کر لوگوں کا علاج کر رہے ہیں۔ایسے میں اگر وہ کوروناوائرس کا شکار ہوں گے تو ان کے بہتر علاج کی بھی ذمہ داری ہماری ہے۔انہوں نے مہاجر مزدور کی گھر واپسی کو لے کر بھی افسوس ظاہر کیا۔انہوں نے کہاکہ میں کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر مزدوروں کی گھر واپسی کی تصاویر دیکھ رہا ہوں۔جومزدور پیدل چل رہے ہیں۔ان کے پاؤں میں چھالے پڑ گئے۔ یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔اروند کیجریوال نے مزدوروں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے آپ کے کھانے پینے کا انتظام کیا ہے۔آپ دہلی چھوڑ کر مت جائیے۔لیکن پھر بھی آپ جانا چاہتے ہیں تو ہم نے ٹرینوں کا انتظام کیا ہے۔ہم نے بہار اور مدھیہ پردیش ٹرین بھیجی بھی ہے۔ہم آپ کی ذمہ داری لیتے ہیں لیکن آپ پیدل مت جائیے۔