دہلی میں پیر سے کھلیں گے اسکول اور کالج ، فضائی آلودگی کی وجہ سے ہوئے تھے بند

نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی میں اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے 29 نومبر سے کھولے جائیں گے۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے یہ جانکاری دی۔ اہم بات یہ ہے کہ دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے اسکول بند کر دیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 27 نومبر سے 3 دسمبر تک صرف غیر ضروری خدمات میں مصروف سی این جی اور الیکٹرک گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والے ٹرکوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ دہلی حکومت کے تمام دفاتر 29 نومبر سے کھل جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ 17 نومبر کو دہلی میں آلودگی سنگین حالت میں پہنچنے کی وجہ سے اسکولوں اور کالجوں کو اگلے احکامات تک بند کر دیا گیا تھا۔ نیز سرکاری محکمے میں 100 فیصد گھر سے کام (ورک فرام ہوم ) کو نافذکیا گیا۔سپریم کورٹ نے دہلی اور قرب وجوار کے علاقوں میں خراب ہوا کے معیار کو لے کر مرکز اور دہلی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔بدھ کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے دو ٹوک الفاظ میں کہاکہ ہم اس معاملے کو بند نہیں کریں گے۔ صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔