دہلی میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر سی ایم کیجریوال نے کہا:گھبرانے کی ضرورت نہیں،صورتِ حال قابو میں ہے

نئی دہلی:دارالحکومت دہلی میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر سی ایم اروند کیجریوال نے آج کہا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ کجریوال نے ڈیجیٹل پریس کانفرنس کے ذریعے کہاکہ حال ہی میں میں نے بہت سارے ماہرین سے بات کی، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ یہ دوسری لہر ہے، کچھ کہتے ہیں نہیں ہے۔ لیکن میں آپ کو ایک ہی بات بتانا چاہتا ہوں کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ چونکہ گزشتہ4 سے 5 مہینوں میں کورونا پھیل گیا ہے، اس لئے وقتا فوقتا میں آکر آپ کو پوری صورتحال بتاتا ہوں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ جون میں ہم نے صرف یہ کہا تھا کہ صورتحال خراب ہورہی ہے اور 31 جولائی تک یہاں 5.50 لاکھ کیسزہوسکتے ہیں۔ لیکن آج میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ گھبرانے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔ کورونا کی وجہ سے موت نہیں ہونی چاہئے۔ مجموعی طور پر 2914 کیسز رپورٹ ہوئے اور 13 افراد کی موت ہوئی۔ حالانکہ اتنی موت نہیں ہونی چاہئے۔لیکن دنیا کے حساب سے یہ بہت کم ہے۔ پرسوں ہی 2737 کیسز رپورٹ ہوئے اور 19 افراد کی موت ہوئی۔ جون کے مہینے کے مطابق 27 جون کو 2900 کیسزرپورٹ ہوئے اور 66 اموات ہوئیں۔ لیکن آج اتنے ہی کیسز آنے پر 10 سے 20 اموات ہورہی ہیں۔وزیر اعلی نے کہاکہ اگر اس وقت دہلی میں 100 افراد بیمار ہو رہے ہیں، تو صرف ایک ہی شخص ہلاک ہو رہا ہے۔ یہ قومی اوسط سے کم ہے۔ ہم نے ہر اسپتال کا آڈٹ کیا اور دیکھا کہ اگر اسپتالوں میں موت ہو رہی ہے تو پھر یہ کیوں ہو رہی ہے اور خامیوں کو دور کیا۔ تعاون کرنے والے تمام اسپتالوں کا شکریہ۔