دہلی میں 2مئی تک بازاربندرہیں گے،تاجرتنظیموں نے لاک ڈاؤن میں توسیع کی اپیل کی

نئی دہلی:دہلی سمیت پورے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز کے تحت آنے والی تاجر تنظیموں نے دہلی میں اگلے ایک ہفتہ بازاروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب ملک کے دارالحکومت میں بازار2 مئی تک بند رہیں گے۔ تاجر تنظیم نے حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ مسلسل بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظراس لاک ڈاؤن کو ایک ہفتہ کے لیے اس وقت بڑھایا جانا چاہیے۔کورونا بحران کے پیش نظر ، دہلی میں تجارتی تنظیموں نے رضاکارانہ طور پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی کی 100 سے زیادہ بڑی کاروباری تنظیموں نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی شدید صورتحال کے پیش نظردہلی میں لاک ڈاؤن میں توسیع کرنابہت ضروری ہے تاکہ دہلی میں بڑھتی ہوئی کورونا کی رفتار کو روکا جاسکے۔کاروباری تنظیم کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر دہلی حکومت نے سی اے ٹی کی درخواست کوقبول کیا اور لاک ڈاؤن کی توسیع کی تویہ حکومت کا اچھا اقدام ہوگا۔ لیکن اگر حکومت کسی بھی وجہ سے لاک ڈاؤن میں توسیع نہیں کرتی ہے تو دہلی کی تجارتی تنظیمیں بغیر کسی دباؤ کے 26 اپریل سے 2 مئی تک اپنے بازاروں کو اپنی مرضی سے بند رکھیں گی۔