دہلی کے تمام اسپتالوں میں سی سی ٹی وی لگائے جائیں گے

نئی دہلی:دہلی کے تمام اسپتالوں میں تمام وارڈوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ دہلی حکومت نے یہ حکم جاری کیا ہے۔ دہلی حکومت نے دہلی سمیت دیگر ریاستوں کے مختلف اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے سپریم کورٹ کے حکم کی بنیاد پر اسپتالوں کے لئے ہدایات جاری کیں۔ کیجریوال حکومت کے حکم کے مطابق دہلی کے تمام کورونا اسپتالوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ فوراً اسپتال کے تمام وارڈوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔ تاکہ اسپتال کے وارڈ میں داخل مریضوں کی مناسب دیکھ بھال سے متعلق ضرورت کا پتہ چل سکے اور مریضوں کی دیکھ بھال میں شفافیت برتی جاسکے۔ تمام کووڈ اسپتالوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج برائے تحقیقاتی ٹیموں / ماہرین کی نگران ٹیموں یا مرکزی وزارت صحت سے متعلقہ حکام کو فراہم کی جاسکے۔تمام کووڈ اسپتالوں کو چاہئے کہ وہ ایک خدمت گزار (جو اپنی مرضی سے تیار ہو) کو اسپتال کے احاطے میں کسی مخصوص علاقے تک مریض کے ساتھ رہنے کی اجازت دے۔ تمام کووڈ اسپتالوں کو ایک ہیلپ ڈیسک بنانا چاہئے، جہاں کوئی بھی جاکر ٹیلیفون کے ذریعہ اسپتال میں داخل مریض کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتا ہے۔تمام اسپتالوں کو ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اگر اس کی تعمیل نہیں ہوئی تو متعلقہ اسپتال کے خلاف بغیر کسی نوٹس کے کارروائی کی جائے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے کورونا اسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی ان سے ہر اسپتال میں ہیلپ ڈیسک بنانے کو بھی کہا گیا۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*