دہلی کے سبھی 11اضلاع 17 مئی تک ریڈ زون میں رہیں گے: ستیندر جین

نئی دہلی:دہلی کے وزیرصحت ستیندر جین نے ہفتے کوکہاہے کہ قومی دارالحکومت میں تمام 11 اضلاع 17 مئی تک ریڈ زون میں رہیں گے۔حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں چار مئی سے دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن جاری رہے گا جس میں فضائی سروس، ٹرین اوربین ریاستی سفرپرپابندی رہے گی۔ لیکن اضلاع کو کوویڈ -19 کے ممکنہ خطرے کی بنیاد پر ریڈ، اوریج اور گرین زون میں بانٹ کر کچھ سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔ جین نے کہاہے کہ دہلی میں تمام 11 اضلاع 17 مئی تک ریڈزون میں رہیں گے۔انھوں نے کہاہے کہ ریڈ زون وہ علاقہ ہے جہاں وائرس کے دس سے زیادہ کیس ہوتے ہیں۔مرکزکی جانب سے جن رعایتی اقدامات کا اعلان کیاگیاہے، وہ لوگوں کو فراہم کرائے جائیں گے۔ مزدوروں کے دہلی سے ان کے گھروں تک سفر کے بارے میں انہوں نے کہاہے کہ حکومت دوسری ریاستوں سے بات کررہی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ ہم ضروری ساز و سامان اورطبی مددمہیاکرائیں گے۔