دہلی حکومت کو جھٹکا،ہائی کورٹ نے آئی سی یو کے80فیصد بیڈ کورونا مریضوں کے لیے ریزرو رکھنے کے حکم پر لگائی پابندی

نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کے اس فیصلے پر روک لگا دی ہے جس میں دہلی حکومت نے کہا تھاکہ تمام نجی اسپتالوں کے آئی سی یو کے 80 فیصد بیڈ کورونا مریضوں کے لیے ریزرو رکھے جائیں۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ بیڈ صرف خاص بیماری کے لیے محفوظ نہیں کیے جاسکتے ۔ پہلی نظر میں یہ حکم بنیادی حقوق کی پامالی کا لگتا ہے۔ واضح رہے کہ ایسوسی ایشن برائے ہیلتھ کیئر پروائڈرکی درخواست کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کے فیصلے پر پابندی لگا ئی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ دہلی میں کورونا بحران کے دوران دہلی حکومت نے دارالحکومت کے 33 بڑے اسپتالوں میں آئی سی یو کے 80 فیصد بیڈ کورونا مریضوں کے لیے محفوظ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اعلان کرتے ہوئے ریاست کے وزیر صحت نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ تمام نجی اسپتالوں سے تبادلہ خیال کے بعد لیا گیا ہے۔