لاک ڈاؤن کا خوف، دہلی چھوڑکر جارہے ہیں مزدور

نئی دہلی: لاک ڈاؤن کے خوف کے سبب دہلی میں ایک بار پھر مہاجر مزدروں کے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے ساتھ ہی لوگوں میں لاک ڈاؤن کا اندیشہ بڑھ گیا ہے اور اب یہ تمام مزدور وقت پراپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے ہیں۔ ڈی این ڈی ایکسپریس وے پر کئی دنوں سے مزدوروں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے ، جو اپنے تمام ضروری سامان کے ساتھ اپنے گاؤں اور شہروں کی طرف جانے کے لیے تیار ہیں۔بسوں کے انتظار میں لوگ کئی گھنٹے گرمی اور مچھروں کے ساتھ اپنے دل میں پیدا ہونے والے وسوسے کے خلاف بھی لڑ رہے ہیں۔ایسے کئی بہت لوگ ہیں جن کا کام کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوا ہے اور وہ اب اپنے گھروں کے لیے جانے پر مجبور بسوں کا کئی گھنٹے انتظار کر رہے ہیں۔بہار کے متھن کو خوف ہے کہ دہلی میں لاک ڈاؤن لگ جائے گا ، لہٰذا وہ پہلے ہی اپنے گاؤں جانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہلی میں مزدو کی حیثیت سے کام کرتے ہیں لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے کام نہیں مل رہا ہے ، لہٰذا ہم واپس جارہے ہیں۔بنگال کے رہائشی اجیت منڈل کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے وہ بہت زیادہ پریشان ہوئے ہیں لیکن اب دوبارہ پریشان نہیں ہونا چاہتے ہیں۔ایسے کئی ریاست کے بے شمار مزدور ہیں جو کام نہ ہونے کی وجہ سے اور لاک ڈاؤن کے خوف سے اپنے گھروں کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔