دعوت کے موضوع پر چند اہم کتابیں ـ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

جماعت اسلامی کے حلقے میں ‘دعوت’ کا مطلب یہ لیا جاتا ہے کہ اللہ کے ان بندوں تک اسلام کا پیغام اور اس کی تعلیمات پہنچائی جائیں جو اب تک اس سے ناواقف ہیں ـ جماعت اسلامی ہند نے اس کام کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے اور اپنی تاسیس کے وقت سے برابر اس جدّ و جہد میں لگی ہوئی ہےـ موجودہ میقات میں جناب محمد اقبال ملا شعبۂ دعوت کے سکریٹری ہیں ، جو 2003 سے اس منصب پر فائز ہیں ـ

اقبال ملا صاحب تصنیف و تالیف کا بھی ذوق رکھتے ہیں ـ دعوتی موضوعات پر ان کی متعدد کتابیں مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی سے شائع ہوچکی ہیں ـ مثلاً دعوتی کاموں کے لیے خطوطِ کار ، جذبۂ دعوت کی آبیاری : کیوں اور کیسے؟ وحدتِ ادیان کی حقیقت ، پیغامِ حق کی ترسیل ، محروم و مظلوم طبقات اور مسلمان ، قرآن مجید ـ ہر انسان کے لیے رہ نما کتاب ، حق کی تلاش ، آدی باسی سماج اور مسلمان ، برادرانِ وطن سے روابط کی اہمیت ، دعوتِ دین اور اسلام کی امتیازی خصوصیات ـ

حال میں ان کی تین کتابیں مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز سے شائع ہوئی ہیں :

(1) فریضۂ دعوتِ دین :
اس کتاب میں قرآن مجید ، احادیث نبوی ، اسوۂ رسول اور اسوۂ صحابہ کی روشنی میں دعوتِ دین کی اہمیت واضح کی گئی ہےـ یہ بتایا گیا ہے کہ یہ ہر مسلمان کی ذمے داری ہے اور یہ اختیاری عمل نہیں ، بلکہ ایک فریضہ ہےـ اس پہلو سے بحث کی گئی ہے کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کے مسائل کے حل اور مثبت تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ دعوت کے عمل کو تیز سے تیز تر کیا جائےـ
صفحات :132، قیمت :130 روپےـ

(2) The Holy Qur’an _ A Guidebook for Every Human Being
یہ ان کی کتاب ‘قرآن مجید _ ہر انسان کے لیے رہ نما کتاب’ کا انگریزی ترجمہ ہےـ اس میں قرآن مجید اور وحی کا تعارف کرانے کے بعد قرآن کی 17 امتیازی خصوصیات بیان کی گئی ہیں ، انسانیت پر قرآن کے احسانات گنائے گئے ہیں ، قرآن کی بنیادی تعلیمات ذکر کی گئی ہیں اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ قرآن صرف مسلمانوں کی مذہبی کتاب ہی نہیں ہے ، بلکہ یہ تمام انسانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا پیغام اور ہدایت نامہ ہےـ
اردو کتاب : صفحات : 104 ، قیمت : 88 روپے
انگریزی کتاب : صفحات : 123، قیمت : 120
اس کتاب کا ہندی ترجمہ بھی طبع ہوچکا ہےـ صفحات : 104، قیمت : 75

(3) Maintaining Good Relations with Fellow Countrymen
یہ ان کی کتاب ‘ برادرانِ وطن سے روابط کی اہمیت ‘ کا انگریزی ترجمہ ہےـ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ تکثیری سماج میں دوسرے مذاہب کے ماننے والوں سے سماجی تعلقات رکھنا مسلمانوں کے لیے ضروری ہےـ جب تک یہ تعلقات نہ رکھے جائیں اس وقت تک ان کے سامنے دین کی دعوت پیش کرنا ممکن نہیں ہےـ آخر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں سے مسلمان کیسے انسانی اور سماجی روابط استوار کریں؟
اردو کتاب : صفحات : 55 ، قیمت :40 روپے
انگریزی کتاب : صفحات : 68 ، قیمت : 70 روپے

دعوت کے موضوع پر یہ اہم کتابیں ہیں ـ امید ہے ، ان سے بڑے پیمانے پر استفادہ کیا جائے گاـ