Home قومی خبریں دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث مفتی سعید احمد پالنپوری کا انتقال

دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث مفتی سعید احمد پالنپوری کا انتقال

by قندیل

نئی دہلی/ممبئی:دارالعلوم دیوبند کے ممتاز استاذ حدیث مفتی سعید احمد پالنپوری طویل علالت کے بعد آج صبح ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ان کی عمر تقریباً اسی سال تھی۔ مفتی سعید احمد پالنپوری گزشتہ تقریبا پچاس سال سے دارالعلوم دیوبند میں استاذ تھے جہاں انھوں نے صحیح بخاری و سنن ترمذی سمیت حدیث کی اہم ترین کتابیں پڑھائیں اور اس طویل عرصے میں ہندوستان و بیرون ہند کے ہزاروں طلبہ نے ان سے کسب فیض کیا۔ ان کی پیدایش۰۴۹۱ میں گجرات کے پالن پور میں ہوئی تھی،۲۶۹۱ میں دارالعلوم دیوبند سے فضیلت کی تکمیل کی۔۳۷۔۲۷۹۱ء میں دارالعلوم دیوبند میں استاذ مقرر ہوگئے اوراس وقت سے تاحیات ایشیا کی اس عظیم اسلامی درس گاہ میں بیش بہا تدریسی خدمات انجام دیں۔ انھیں طلبہ کے درمیان بے پناہ مقبولیت حاصل تھی اور ان کی کلاسوں میں نہ صرف دارالعلوم بلکہ گردو نواح کے طلبہ بھی کثیر تعداد میں شرکت کیا کرتے تھے۔ مفتی صاحب نے اپنے پیچھے جہاں پوری دنیا میں ہزاروں شاگرد چھوڑے ہیں وہیں کم و بیش پچاس کتابیں بھی لکھیں۔جن میں ترمذی کی شرح تحفۃ الالمعی،بخاری کی شرح تحفۃ القاری اور حجۃ اللہ البالغہ کی شرح رحمۃ اللہ الواسعہ خاص اہمیت کی حامل ہیں۔اس کے علاوہ انھوں نے متعدد محدثین و علماکی سوانح بھی تحریر فرمائی اور بانی دارالعلوم مولانا محمد قاسم نانوتوی کی تحریروں کی تسہیل و تشریح کاکارنامہ بھی انجام دیا۔مفتی صاحب کی وفات سے ایک بہت بڑا علمی خلا پیدا ہوگیا ہے۔ان کے تمام متوسلین و شاگردوں کے علاوہ اہل علم کے درمیان زبردست رنج و غم کا ماحول ہے اور صبح سے ہی سوشل میڈیا پر سبھی ایک دوسرے کو تعزیت پیش کررہے ہیں۔

You may also like

Leave a Comment