داماد کی گرفتاری پر وزیر نواب ملک نے کہا -قانون سے بالاتر کوئی نہیں

ممبئی:مہاراشٹر کے کابینہ وزیر ملک کے داماد سمیر خان کی گرفتاری کے بعد ملک نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔ جلد ہی حقیقت سب کے سامنے آجائے گی۔ مجھے ملک کے عدالتی نظام پر پورا یقین ہے۔ادھو حکومت میں کابینہ کے وزیر نواب ملک کے داماد سمیر خان کو منشیات کے ایک کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کیا ہے۔ بدھ کے روز این سی بی نے سمیر خان کو تفتیش کے لیے طلب کیاتھا۔ تفتیش کے بعد انہیںگرفتار کرلیا گیا ہے۔معلومات کے مطابق منشیات کے معاملے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) سمیر خان سے تفتیش کررہی ہے۔ این سی بی ذرائع کے مطابق سمیر خان اور ایک منشیات فروش کے مابین کچھ لین دین کو دیکھنے کے بعد ان کو ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا۔نواب ملک کے داماد سمیر خان کی گرفتاری کے بعد منشیات کنٹرول بیورو نے ممبئی کے متعدد مقامات پر چھاپہ مارا ۔ این سی بی منشیات کے معاملے میں کل رات سے کئی مقامات پر چھاپہ مار رہی ہے۔ این سی بی نے سمیر خان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔ ممبئی منشیات کے معاملے میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سمیر خان بدھ کے روز این سی بی کے سامنے پیش ہوئے اور ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ این سی بی کا خیال ہے کہ پیڈلر کو منشیات کے لیے ادائیگی کی گئی تھی۔ لہٰذا اسی ادائیگی کی تصدیق کرنے کے لئے بلایا گیا تھا۔ یہ معاملہ گذشتہ ہفتے ممبئی میں 200 کلو منشیات ضبط کرنے سے متعلق ہے۔