ڈیل اسٹین نے کہا:آئی پی ایل میں کرکٹ پر نہیں بلکہ پیسوں پر دی جاتی ہے توجہ

جوہانسبرگ:جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر لر ڈیل اسٹین نے آئی پی ایل کے بارے میں ایک بیان دیا ہے جس نے ہندوستانی کرکٹ شائقین کو حیران کردیا ہے۔ اسٹین نے کہا ہے کہ آئی پی ایل میں کرکٹ کو زیادہ توجہ نہیں دی جاتی ہے ، بلکہ پیسوں پرسبھی کی توجہ ہوتی ہے۔ اسٹین نے پی ایس ایل کے بارے میں کہا کہ یہاں کرکٹ پر بہت زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ اپنے بیان میں اسٹین نے کہا کہ جب آپ آئی پی ایل کھیلنے جاتے ہیں تو بہت سارے اسکواڈ ہوتے ہیں اور بہت سے بڑے نام ہوتے ہیں اور کھلاڑیوں کی کمائی پر اتنا زور دیا جاتا ہے کہ کرکٹ کو بھلا دیا جاتا ہے۔ دوسری طرف اگر آپ پی ایس ایل اور لنکا پریمیر لیگ میں کھیلتے ہیں تو یہاں آپ کی ساری توجہ صرف کرکٹ پر ہے۔میں پی ایس ایل کھیل رہا ہوں اور کافی عرصے سے لوگ میرے کمرے میں آتے ہیں اور صرف میری کرکٹ کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ اسٹین نے آئی پی ایل کے بارے میں کہا کہ جب میں وہاں جاتا ہوں تو لوگ صرف پوچھتے ہیں کہ سیزن میں آپ کو کتنا پیسہ ملتا ہے ، کرکٹ کو وہاں بھلادیتے ہیں ۔ میں اس سے دور رہنا چاہتا تھا اور اپنے کھیل پر توجہ دینا چاہتا تھا۔واضح رہے کہ ڈیل اسٹین نے اس سیزن میں خود کو آئی پی ایل سے الگ کرلیا ہے۔ انہوں نے اس بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ وہ کچھ وقت آئی پی ایل سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ چنانچہ انہوںنے آئی پی ایل جیسے بڑے ٹورنامنٹ سے بریک لیا۔ اسٹین کے آئی پی ایل نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد انہیں آر سی بی نے ریلیز کردیا تھا۔پی ایس ایل میں ڈیل اسٹین ابھی تک کچھ خاص نہیں کرسکے ہیں ، انہوں نے پہلے ہی میچ میں چار اوورز میں 44 رنز دیئے تھے۔ اسٹین نے ابھی تک صرف دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*