کرونا وائرس سے متأثر کانگریس کے قدر آور لیڈر احمد پٹیل آئی سی یو میں بھرتی

نئی دہلی:کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل کو میدانتا اسپتال گڑگاؤں کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع اتوار کے روز ان کے اہل خانہ نے دی ۔ احمد پٹیل کو کچھ ہفتے قبل کرونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا۔ 71 سالہ احمد پٹیل نے یکم اکتوبر کو ٹوئٹ کیا تھا کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔احمد پٹیل کے بیٹے فیصل نے اتوار کے روز ٹوئٹ کیا کہ احمد پٹیل(میرے والد) کو کچھ ہفتے قبل کرونا وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔ انھیں مزید علاج کے لیے میدانتا اسپتال ، گڑگاؤں کے انتہائی نگہداشت سیل میں داخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حالت بہتر ہے اور وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کریں۔کانگریس کے کئی رہنماؤں نے پٹیل کی جلد صحت یابی کی ’کامنا‘کی ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما آنند شرما نے ٹو ئٹ کیا کہ میں اپنے دوست احمد پٹیل کے لیےبہت تشویش میں ہوں ، ان کی اچھی صحت کے لیے دعاگو ہوں، آپ سبھی ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں ۔