Home قومی خبریں کرونا وائرس:یکم دسمبر سے پنجاب میں نائٹ کرفیو،مریضوں کی صحت یابی کی شرح سست

کرونا وائرس:یکم دسمبر سے پنجاب میں نائٹ کرفیو،مریضوں کی صحت یابی کی شرح سست

by قندیل

نئی دہلی:کرونا وائرس کے سبب کئی ریاستوں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے ،کیونکہ کورونا مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے اور صحت یاب ہونے والوں کی رفتار میں کمی آئی ہے۔ منگل کو ملک میں 37 ہزار 765 مریض ٹھیک ہوئے،یہ تعداد 31 جولائی کے بعد سب سے کم ہے۔ اس وقت 36 ہزار 554 مریض ٹھیک ہوئے تھے۔ دریں اثنا ء کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت ِپنجاب نے یکم دسمبر سے ریاست کے تمام شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے بدھ کے روز نائٹ کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ یہ کرفیو رات کے 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہے گا۔ اس کے علاوہ کرونا سے متعلق قوانین شکنی پر جرمانہ بھی دگنا کردیا گیا ہے۔ اب ضابطہ شکنی پر 1000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ رات ساڑھے نوبجے کے بعد تمام ہوٹلوں ، ریستوراں اور شادی کی تقریبات بند کرنا ہوگی۔ریاستی حکومت 15 دسمبر کو ان فیصلوں پر نظرثانی کرے گی۔ اب تک پنجاب میں کورونا کے 147665 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں 6834 ایکٹیو کیسز شامل ہیں۔کرونا وائرس کی وجہ سے اب تک 4653 اموات ہوچکی ہیں۔ سب سے زیادہ مریض لدھیانہ میں ہیں۔ اس سے قبل مدھیہ پردیش ، گجرات اور راجستھان کی حکومت نے بھی کچھ شہروں میں نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔منگل کو ملک میں 44 ہزار 245 نئے مریض پائے گئے، جب کہ 489 مریض دم توڑ گئے۔ چوبیس گھنٹوں میں مریضوں کی تعداد میں 5 ہزار 983 کا اضافہ ہوا ہے، یہ 27 ستمبر کے بعد سے سب سے زیادہ کیسز ہیں ۔ خیال رہے کہ اب تک ملک میں کورونا انفیکشن کے 92.21 لاکھ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ 86.41 لاکھ مریض ٹھیک ہوگئے ہیں۔ 1.34 لاکھ متاثرین کی موت ہوچکی ہے ۔

You may also like

Leave a Comment