کورونا کی دوسری لہر پر نیپال الرٹ ، بھارت کے 22 انٹری پوائنٹس بند

کھٹمنڈو:پڑوسی نیپال بھارت میںکرونا کی تباہی کے باعث الرٹ ہوگیا ہے ۔ نیپال نے بھارت کی سرحد کے ساتھ ہی 22 انٹری پوائنٹ بند کردیے ہیں،یہ فیصلہ کوروناکے پیش نظر کیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ نیپال میں اس وقت لاک ڈاؤن ہے۔نیپال میں کورونا وائرس کی وبا کا بحران بڑھتا جارہا ہے، جہاں اس وبا کے انفیکشن سے ایک ہی دن میں 35 افراد کی موت ہوچکی ہے۔نیپال کی وزارت صحت اور آبادی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطا بق نیپال میں کرونا کے باعث گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 افراد کی موت ہوگئی ، جو ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ وزارت نے کہا کہ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر حالیہ دنوں میں اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔نئی لہر زیادہ متعدی اور خطرناک بھی ثابت ہوئی ہے اور پہلی لہر کے مقابلے میں دوسری لہر میں بہت سے لوگ اسپتال میں داخل ہیں ۔ وزارت کے مطابق جمعرات کو ملک میں کرونا کے 4928 نئے متاثرہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو ایک دن میں متاثرہ مریضوں کی تیسری سب سے زیادہ تعداد ہے۔