کوروناختم ہونے کادعویٰ کرنے والے بنگال بی جے پی صدرکی رپورٹ پوزیٹیو

کولکاتہ:مغربی بنگال کے بی جے پی صدر دلیپ گھوش کوبھی کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا ہے ، جس کے بعد انہیں نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ گھوش کو ہلکا بخار ہوا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اس وقت ان کا علاج جاری ہے۔ ان کی آکسیجن کی سطح معمول پر ہے۔ دلیپ گھوش پچھلے دودن سے علیل تھے ، جس کے بعدانھوں نے کوویڈ۔19 کاٹیسٹ کرایاہے۔دلیپ گھوش نے کچھ دن پہلے ایک بیان میں کہاتھا کہ کورونا وائرس ختم ہوچکا ہے اور ممتا بنرجی حکومت بی جے پی کو ریلی کرنے سے روکنے کے لیے غیر ضروری لاک ڈاؤن لگا رہی ہے۔ کروناچلاگیا،دیدی اداکاری کررہی ہیں وہ جان بوجھ کر لاک ڈاؤن بڑھا رہی ہے تاکہ بی جے پی بنگال میں جلسے اور ریلیاں منعقد نہ کرسکے۔ گھوش نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیاتھا جب ملک میں کورونا کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا۔تاہم گھوش کے بیان کے بعدترنمول کانگریس نے بھی کافی تنقید کی تھی۔