کورونا کا قہرجاری:گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 86432 کیسز ،مریضوں کی مجموعی تعداد 40 لاکھ سے متجاوز

نئی دہلی، ہفتے کے روز ملک میں کورونا انفیکشن کی کل تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں (جمعہ کی صبح آٹھ بجے سے ہفتہ صبح آٹھ بجے تک)، کووڈ۔19 کے 86432 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 40 لاکھ 23 ہزار 179 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1089 مریض ہلاک ہوچکے ہیں، جس کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کی مجموعی تعداد 69561 ہوگئی ہے۔ ہندوستان میں اس وقت 846395 کیسز سرگرم ہیں۔ یعنی تقریبا ساڑھے آٹھ لاکھ افراد یا تو ہوم آئیسولیشن میں ہیں یا پھراسپتال میں زیر علاج ہیں۔وہیں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 31 لاکھ کو عبور کر چکی ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 70072 مریضوں کو کورونا نگیٹیوقرار دیا گیا ہے۔ جبکہ مجموعی طور پر 3107223 مریض کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں ۔ کورونا وائرس کی صحت یابی کی شرح معمول سے بڑھ کر 77.23 فیصد ہوگئی ہے۔ فعال کیسزبڑھ کر 21.03 فیصد ہوگئے ہیں۔ اموات کی شرح 2 فیصد سے نیچے ہی رہی ہے اور موجودہ مرحلے میں یہ 1.72 فیصد ہے، جبکہ مثبت شرح 8.15 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ کوویڈ 19 کی تحقیقات کی تعداد میں اضافہ ہے۔ آئی سی ایم آر کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1059346 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 47738491 افراد کے نمونے جمع کیے جاچکے ہیں۔