کورونا کے بہانے مزدوروں کااستحصال غیر انسانی:راہل گاندھی

نئی دہلی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کئی ریاستوں میں لیبر قوانین میں ترمیم کئے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا بحران مزدوروں کا استحصال اور ان کی آواز دبانے کا بہانہ نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ متعدد ریاستوں کی طرف سے لیبر قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ ہم کوروناوائرس کے خلاف مل کر جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن یہ انسانی حقوق کوخلاف ورزی، غیر محفوظ کام کی جگہوں کی اجازت، مزدوروں کے استحصال اور ان کی آواز دبانے کا بہانہ نہیں ہو سکتا۔کانگریس نے کہا کہ ان بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔دراصل کئی ریاستوں نے اپنے یہاں مزدوروں کے لئے کام کاج کے اوقات کو آٹھ گھنٹے سے بڑھا کر 12 گھنٹے کر دیا ہے۔کانگریس کے لیڈر گزشتہ کئی دنوں سے لیبر قوانین میں تبدیلی کی مخالفت کر رہے ہیں۔