کورونا دور میں اندراگاندھی ایئرپورٹ پر چارٹرڈ پروازوں میں 50فیصد اضافہ

نئی دہلی: کوویڈ کی موجودہ لہر میں انفیکشن میں اضافے کے ساتھ ہی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پرائیوٹ جیٹ اور چارٹرڈ پروازوں کی تعداد بھی دگنی ہوگئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال ستمبر میں نجی طیارے اور چارٹرڈ پروازوں کے لیے ایک علیحدہ جنرل ایوی ایشن (جی اے) ٹرمینل کھولا گیا تھا، تب سے اس ٹرمینل پر ہوائی جہازوں کی تعداد میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کچھ وقت پہلے تک یہاں سے 20 نجی پروازیں روزانہ پرواز کرتی تھیں لیکن اب روزانہ 35 نجی طیارے یا چارٹرڈ پروازیں اڑائی جارہی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آغاز کے بعد سے ہی ان پروازوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اگرچہ نجی طیاروں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن یہ بڑی خوشی کی بات نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کورونا وبا کے دوران ایئر ایمبولینس کی نقل و حرکت غیر معمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔ اس کے علاوہ کئی ممالک کے طیاروں کی آمد و رفت بند ہے جس کی وجہ سے نجی طیاروں کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ دوسری طرف کرونا کی وبا کی وجہ سے عوامی طیاروں میں حفظان صحت کی تشویش کے بعد امیر لوگ صرف نجی طیاروں کے ذریعے سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس وجہ سے بھی اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نجی طیاروں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوا ہے۔