کانگریس کا مشن یوپی: پرینکا گاندھی کا اعلان ، اسمبلی انتخابات میں 40 فیصد خواتین کو دیں گے ٹکٹ

لکھنؤ :کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ پارٹی ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات کے لیے خواتین کو 40 فیصد ٹکٹ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ان خواتین کے لیے ہے جو تبدیلی چاہتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ریاست آگے بڑھے۔ واضح رہے کہ اگلے سال یوپی میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ لکھنؤ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے کارکنوں کو پیغام دیا کہ اگر تبدیلی چاہتے ہیں تو انتظار نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اس بار یوپی انتخابات میں اچھا کرے گی۔نومنتخب کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کے سربراہ پی ایل پونیا نے اتوار کو کہا تھاکہ پرینکا گاندھی یوپی میں پارٹی کی انتخابی مہم کا چہرہ ہوں گی اور وہ فی الحال ریاست کی مقبول ترین سیاسی شخصیت ہیں۔ پونیا نے کہا کہ کانگریس شاذ و نادر ہی اپنے وزیراعلیٰ امیدوار کے نام کا اعلان کرتی ہے اور ابھی تک اس کا اعلان نہ کرنے سے پارٹی پر اثر نہیں پڑے گا کیونکہ اس کے پاس بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف انتخابی مہم کی قیادت کرنے کے لیے پرینکا گاندی جیسی شخصیت موجودہے۔ واضح رہے کہ پونیا کو جمعہ کے روز اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے 20 رکنی کانگریس کی اہم انتخابی مہم کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔