کانگریس کو’ہارس ٹریڈنگ ‘کا خطرہ،آسام میں امیدواروں کوبی جے پی سے بچانے کے لیے پہلے ہی ہوٹلوں کی بکنگ کی

نئی دہلی: آسام اسمبلی انتخابات کے نتائج 2 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔ ایسی صورتحال میں پارٹی کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کانگریس نے آسام اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان سے قبل آسام میں کچھ ہوٹلوں کی بکنگ کی ہے تاکہ بی جے پی کے ذریعہ اپنے امیدواروں کو ہارس ٹریڈنگ سے بچائے۔ معلوم ہواہے کہ کانگریس کے لیڈران نے گوہاٹی کے ایک ہوٹل میں اپنے امیدواروں سے ملاقات کی تھی۔ یہ نجی ملاقات تھی۔ ذرائع نے بتایاہے کہ پارٹی 22 اپریل کو گوہاٹی ، تیج پور اور کازیرنگا میں امیدواروں کو کہیں رہنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔تاہم کانگریس کے سینئر رہنما جتیندر سنگھ نے ہوٹل کی بکنگ کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اتحادبڑی اکثریت حاصل کرلے گا۔سنگھ نے کہاہے کہ ہمارے امیدوار کہیں نہیں جارہے ہیں۔ ہم نے سابقہ تجربات کے سبب پارٹی امیدواروں کو گنتی کے دن کی تیاریوں کے لیے کچھ ہدایات دی ہیں۔