کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر بیرون ملک میں راہل

نئی دہلی:بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ جنرل وی کے سنگھ نے راہل کے دورے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ راہل کو مبارکباد ، کانگریس یہاں یوم تاسیس منا رہی ہے اور راہل جی بیرون ملک آرام کر رہے ہیں۔ شاید بہت تھک گئے ہیں۔ کانگریس کی حالت یہ ہے کہ جو بھی سمجھدار ہے اسے باہر کا راستہ دکھایا جارہا ہے۔جنرل وی کے سنگھ نے کہا کہ یو پی اے کی قیادت کوئی بھی کرے چاہے شرد پوار یا کپل سبل کریں آج کانگریس کی کیا حالت ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی حالت اس بچے کی طرح ہے جو پہلے کھلونا مانگتا ہے اور جب اسے مل جاتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ یہ نہیں دوسرا چاہئے۔وی کے سنگھ سے پہلے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھی طنز کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ کانگریس یہاں اپنا 136 واں یوم تاسیس منارہی ہے اور راہل جی نو،دو،گیارہ ہوگئے۔ بی جے پی کے مسلسل حملوں کے درمیان کانگریس کے ترجمان رندیپ سورجے والا نے کہا کہ راہل گاندھی ذاتی سفر پر گئے ہیں ، ان کی دادی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ ایسی صورتحال میں بی جے پی کو اس پر سوال نہیں کرنا چاہئے۔ سرجے والا نے کہا کہ راہل گاندھی ابھی پارٹی صدر نہیں ہیں ، سونیا گاندھی ہیں۔ پارٹی راہل کو جو بھی ذمہ داری دیتی ہے ، وہ اسے قبول کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی کے اٹلی کے دورے کی خبر گذشتہ روز سامنے آئی تھی ، جس کے بعد سوشل میڈیا پر کافی تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔ اس تنازعہ کے بعد ہی کانگریس پارٹی نے راہل کے بیرون ملک سفر کی خبر کی تصدیق کی ۔ غیر ملکی دورے پر ہونے کے باوجود پیر کو کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے پارٹی کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی۔