نئی دہلی(پریس ریلیز) :معروف دانشور پروفیسر نفیس احمد صدیقی کی وفات پر آج آئی او ایس میں ایک تعزیتی نشست کا اہتمام کیاگیا جس کی صدارت کرتے ہوئے آئی او ایس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر زیڈ ایم خان نے کہاکہ وہ بلند سوچ اور مثبت ذہنیت کے شخص تھے ۔ ان سے میرے ذاتی اور رسمی دونوں طرح کے تعلقا ت تھے ، اپنی زندگی میں وہ مختلف اداروں سے وابستہ رہے اور ہر جگہ اپنی شناخت بنائی ۔ڈاکٹر حسینہ حاشیہ نے ان کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر نفیس احمد صدیقی کا تعلق یوپی کے امروہہ ضلع میں حسن پور گائوں سے تھا ، 1935 میں وہیں ان کی ولادت اور ابتدائی تعلیم ہوئی ، آگرہ یونیورسیٹی سے انہوں نے بی اے اور ایم اے کیا ، علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی سے علم جغرافیہ میں پی ایچ ڈی کیا ، دہلی میں پلاننگ کمیشن میں انہوں نے ملازمت کی ۔پھر شہید بھگت کالج میں بطور پروفیسر ان کی تقرری ہوئی ۔ مختلف اداروں میں انہوں نے فرائض انجام دیئے ۔وہ آئی او ایس کے ادارہ انڈین ایسوسی ایشن آف مسلم سوشل سائنٹسٹ کے کے سکریٹری تھے اور متعدد اہم کارنامہ انجام دیا تھا ۔
تعزیتی نشست میں پروفیسر اقبال حسن خان ، پروفیسر نور محمد ، پروفیسر ایم ایچ قریشی ، پروفیسر بھگت سنگھ نیگی ، پروفیسر منظور احمد ، پروفیسر سریندر سنگھ ، ڈاکٹر مظفر حسین غزالی ، جناب نسیم صدیقی ، اور ندیم صدیقی سمیت متعدد لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔قبل ازیں مولانا اطہر حسین نے قرآن کریم کی تلاوت سے آغاز کیا ۔اخیر میں پروفیسر حسینہ حاشیہ نے سبھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔
