سی ایم شیو راج کو ٹھنڈا کھانا دینے کی وجہ سے افسر ہوئے تھے معطل،ہنگامے کے بعد معطلی منسوخ

اندور:چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے اندور کے محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے فوڈ انسپکٹر منیش سوامی کی معطلی منسوخ کردی ہے۔ اندور شہر کے کلکٹر منیش سنگھ نے کارروائی کرتے ہوئے سوامی کو معطل کردیا تھا۔ دراصل ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان 23 ستمبر کو اندور پہنچے تھے۔ اس دوران سی ایم کو ٹھنڈا کھانا دیا گیا۔ وزیر اعلی کے پروٹوکول پر عمل کرنے میں غفلت کے سبب سوامی پر کارروائی کی گئی۔ تاہم اعتراض کے بعد یہ معطلی واپس لی گئی۔شیوراج سنگھ کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں ایک عام آدمی ہوں۔ مجھے خشک چپاتی کھانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ میرے کھانے کے لئے کسی بھی افسر کے خلاف کارروائی کرنا مناسب نہیں لگتا۔ اگر مجھے اضلاع کے دورے کے دوران تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو میں اس کو اہم نہیں مانتا۔ ریلیزمیں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کو کلکٹر منیش سنگھ کے ذریعہ فوڈ سیفٹی آفیسر منیش سوامی کی معطلی کے بارے میں معلوم ہوا۔ اس کے بعد ان کی معطلی منسوخ کردی گئی۔