چین نے ٹرمپ کی ثالثی کی تجویز مستردکردی

بیجنگ:چین نے جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سرحد کے امورپر ہندوستان کے ساتھ موجودہ تعطل کو ختم کرنے کے لیے ثالثی کی تجویز کو مسترد کردیا۔ٹرمپ نے بھارت اورچین کے مابین سرحدی تنازعہ پر ثالثی کی اچانک پیش کش کی اورکہاکہ وہ دونوں ہمسایہ ممالک کی فوجوں کے مابین جاری تنازعہ کے دوران تناؤ کو کم کرنے کے لیے وہ تیار ہیں۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ڑاؤ لیجیان نے پہلی بار امریکی تجویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوںممالک کے موجودہ تعطل کو حل کرنے کے لیے دونوں ممالک تیسرے فریق کی مداخلت نہیں چاہتے ہیں۔ڑاؤ نے یہاں پریس کانفرنس میں ٹرمپ کی تجویز کے بارے میں پوچھے جانے پرکہاہے کہ چین اوربھارت کے مابین سرحدی طریقہ کار اور بات چیت موجودہے۔انھوں نے کہاہے کہ ہم بات چیت کے ذریعے مسائل کو صحیح طریقے سے حل کرنے میں کامیاب ہیں۔ ہمیں تیسرے فریق کی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔