چدمبرم نے کسان سے متعلق بلوں پر کہا:ہر پارٹی کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہے،کسان یا بی جے پی

نئی دہلی:سینئر کانگریسی لیڈر پی چدمبرم نے ہفتہ کے روز تمام اپوزیشن جماعتوں سے زراعت کے متعلق بلوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر فریق کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ کسانوں کے ساتھ ہے یا کسانوں کی روزی روٹی کو خطرے میں ڈالنے والی بی جے پی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے متعلق کانگریس کے منشور میں کسانوں سے کئے گئے وعدوں کوبی جے پی توڑ مروڑ کر پیش کررہی ہے، جبکہ اس حکومت نے کارپوریٹ کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ نے ایک بیان میں کہاکہ بی جے پی اپنے ہی جال میں پھنس گئی ہے۔ کئی دہائیوں سے یہ تاجروں کے زیر سایہ چلنے والی پارٹی رہی ہے اور اب بھی ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ ہمارا وعدہ واضح ہے، لیکن مودی سرکار کارپوریشنوں اور کاروباری افراد کے سامنے ہتھیار ڈال چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور دیگر پارٹیاں متحد ہو کر اس بل کی مخالفت کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ موجودہ شکل میں قانون نہ بنیں۔ ہر پارٹی کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کسانوں کے ساتھ ہے یا بی جے پی کے ساتھ ہے جو کسانوں کی روزی روٹی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔