سنٹرل وسٹا پروجیکٹ: سپریم کورٹ نے کہا، امید ہے ،ہائی کورٹ جلد ہی بنچ تشکیل دے گا

نئی دہلی:کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان سنٹرل وسٹا پروجیکٹ کو روکنے کا مطالبہ بڑھتا جارہا ہے۔ پیر کودہلی ہائی کورٹ میں اس پر روکنے کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے پر سماعت کے لیے منگل کا وقت دیاہے۔اس سے قبل ایسی ہی ایک درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ ایس سی نے فی الحال اس معاملے میں مداخلت سے انکار کردیا تھا۔ عدالت نے درخواست گزار سے جلد از جلد ہائی کورٹ سے سماعت کی درخواست کرنے کو کہا تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ ہائی کورٹ جلد ہی اس کی سماعت کے لیے ایک بنچ تشکیل دے گا۔حزب اختلاف پارلیمنٹ کی نئی عمارت ، سرکاری دفتر اور وزیر اعظم کی رہائش گاہ کی تعمیر کی مخالفت کررہاہے۔سوشل میڈیا پرلوگوں نے بھی اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وبا کے دوران اسے روکا جانا چاہیے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اس دوران اسپتالوں کا مسئلہ ہے۔ آکسیجن ، ویکسین اور دوائیوں کی کمی ہے۔منصوبے کے مطابق 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل دہلی میں سرکاری عمارتیں اور کچھ مکانات تعمیر کیے جانے ہیں۔اس کے لیے راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک چار کلومیٹر کے علاقے کو منتخب کیا گیا تھا۔ حال ہی میں راہل گاندھی نے سنٹرل وسٹامنصوبے کو غیر ضروری قرار دیا تھا۔