سی بی ایس ای کے 12 ویں بورڈ امتحانات منسوخ ، طلباکا تحفظ ضروری : پی ایم مودی

نئی دہلی:سی بی ایس ای کے 12 ویں بورڈ کے امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ پیر کو وزیر اعظم مودی کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد اس فیصلے سے ملک کے باشندگان کو مطلع کیا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ طلبا کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ سی بی ایس ای 12 ویں کے امتحانات نہ کروائے جائیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ طلباء کی صحت اور ان کی حفاظت کو زیادہ اہمیت حاصل ہے اور اس سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔مسٹر مودی نے کہا کہ طلبا و طالبات، والدین اور اساتذہ میں پیدا بے چینی کا خاتمہ ضروری ہے۔ طلباء و طالبات کو امتحان ہال آنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہئے۔ایک حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا کے حوالے سے غیر یقینی کی فضا کے پیش نظر سی بی ایس ای امتحان کے حوالے سے مختلف پہلوؤں سے مشورہ کیا گیا،پی ایم مودی کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ و طالبات کے مفادات کو مدنظر ر کھ کر کیا گیا ہے۔کرونا کے باعث طلباء و طالبات کا تعلیمی کیلنڈر متاثر ہوا ہے۔ بورڈ امتحانات کا موضوع طلبہ و طالبات میںبے یقینی کا باعث تھا، اس لئے طلبہ و طالبات، والدین اور اساتذہ کو مدنظر رکھ کر امتحانات کی منسوخی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔جبکہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے امتحانات کی منسوخی پر خوشی کا اظہار کیا ہے ، کجریوال کے مطابق انہیں خوشی ہے کہ طلبہ و طالبات کے مفادات کے پیش نظربورڈ کے بارہویں کے امتحانات مسنوخ کردیئے گئے ہیں ،ہمیں تمام بچوں کے لئے طبی نقطۂ نظر کافی تشویش تھی۔وہیں نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ ملک کے 1.5 کروڑ بچوں کی نہ ختم ہونے والی کلاس 12بالآخر ختم ہو رہی ہے۔ پی ایم کے مطابق کرونا کی صورتحال میں اتار چڑھاؤ کی کیفیت ہے ۔ کورونا کے نئے کیسز مستقل طور پر سامنے آ رہے ہیں اور کچھ ریاستیں مائیکرو کنٹن منٹ زون کے ذریعہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹ رہی ہیں ،اس صورتحال میں مختلف ریاستوں کی صورتحال کے پیش نظر ، طلباء و طالبات ، والدین اور اساتذہ کے خدشات کو ترجیح دی گئی ہے، اس صورت میں طلبہ و طالبات کو امتحانات کے لئے حاضر ہونے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔