سی بی ایس ای امتحان: نتائج سے غیر مطمئن طلبا کو اگست میں ملے گامتبادل امتحان دینے کا موقع

نئی دہلی:مرکزی وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے اعلان کیا ہے کہ نتائج سے غیر مطمئن طلبا کو متبادل امتحان دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا، یہ امتحان اگست میں ہوگا۔ مرکزی وزیر تعلیم نے یہ اطلاع ٹوئٹر پر دی۔ انہوں نے کہا کہ جن طلبا کو یہ لگتا ہے کہ ان کے نمبر ان کی صلاحیتوں کے مطابق نہیں آئے ہیں ، ان کے پاس متبادل امتحان کا موقع ہے لہذا طلبا اور ان کے والدین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔وزیر تعلیم رمیش پوکھریال آج یعنی 25 جون 2021 کو سی بی ایس ای کے نتائج سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔ اسی کے ساتھ ہی وزیر تعلیم نے ٹوئٹ کرکے اس سلسلے میں معلومات دی ہیں ۔ واضح ہو کہ ملک کی سپریم کورٹ نے حال ہی میں سی بی ایس ای کلاس 12 کے تشخیصی معیار 2021 کو منظوری دے دی تھی۔ دریں اثنا سی بی ایس ای نے بھی نتائج کے اجراء کی تاریخ 31 جولائی 2021 کا اعلان کیا ہے۔یکم جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت اجلاس میں کرونا کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر سی بی ایس ای بورڈ کی کلاس 12 کا امتحان منسوخ کردیا گیا تھا۔