سی بی ایس ای 12 ویں امتحان کی تاریخوں کا فیصلہ یکم جون کو

نئی دہلی :کورونا وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے اساتذہ اور والدین میں سی بی ایس ای کلاس 12 بورڈ امتحان کے بارے میں غیر یقینی کی صورتحال ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک یکم جون کو کلاس 12 بورڈ کے امتحانات کی تاریخوں کااعلان کرسکتے ہیں۔اس میں امتحان کی مدت ڈیڑھ گھنٹے سے کم کرکے آدھے گھنٹے کی جاسکتی ہے۔ معلومات کے مطابق معروضی سوالات طلباء سے پوچھے جائیں گے۔اتوار کے روز ریاستی وزراء کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد وزارت تعلیم نے مرکز کی تجویز پر 25 مئی تک تمام ریاستوں سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔ میٹنگ کے دن 32 ریاستوں اور یونین ٹیرٹری (UTs) نے سی بی ایس ای 12 ویں بورڈ کے امتحانات کے انعقاد کی تجویز کی حمایت کی۔ان ریاستوں نے امتحان سے قبل طلباء اور اساتذہ کے لیے ٹیکہ لگانے کا مطالبہ اٹھایا تھا۔ اس کے علاوہ بیشتر ریاستوں نے مختصر فارمیٹ یعنی ڈیڑھ گھنٹہ (90 منٹ) کے لیے کرا نے پراتفاق کیا ہے۔بہاراوردہلی نے سخت مخالفت کی ہے۔این ڈی اے کے زیراقتداربہارنے آن لائن امتحان کامشورہ دیاہے۔