نئی دہلی ، بابری انہدام کیس میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے تمام ملزموں کو بری کردیا ہے۔ اس معاملے میں کل 49 ملزمین تھے جن میں بی جے پی کے مضبوط کارکن ونے کٹیار کا نام بھی شامل تھا۔ فیصلے کے بعد ونے کٹیار نے اس پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں آج بہت خوش ہوں اور میں نے اس کے لئے طویل جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر کانگریس کی سازش تھی۔ بی جے پی رہنما نے بتایا کہ اس معاملے میں مجھے تین بار جیل جانا پڑا۔ مجھ پر این ایس اے لگایا گیا۔ کانگریس نے سی بی آئی کا غلط استعمال کیا۔ایودھیا کے بعد متھرا اور کاشی کی تیاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے ونے کٹیار نے کہا کہ اب متھرا اور کاشی کی تیاری ہوگی ۔ تمام بابا سنتوں کے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے کہ کاشی اور متھرا کی تحریک کو کس طرح آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ اگر کانگریس کے لوگ بھی شامل ہونا چاہتے ہیں تو وہ متھرا تحریک میں شامل ہوسکتے ہیں۔