اردو میڈیا سے وابستہ افراد کو زبان و بیان اور صحافتی اصول و ضوابط سے واقف کرانا بہت ضروری ہے: پروفیسر شافع قدوائی
نئی دہلی:قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے صدر دفتر میں آج ماس میڈیا پینل کی میٹنگ ہوئی جس کی صدارت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جرنلزم اینڈ ماس کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر شافع قدوائی نے کی۔ اس میٹنگ میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ میٹنگ کے آغاز میں قومی اردو کونسل کے ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور اس پینل کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقعے پر قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ ہر زمانے میں جب نئے چیلنجزاور مسائل آتے ہیں تو راستے بھی نکلتے ہیں۔ آپ حضرات میڈیا کے اہم ستون ہیں۔ آج میڈیا کے مسائل اور چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں ایسے مفید مشورے دیں جن کو بروئے کار لاکر اردو میڈیا کے مسائل او رامکانات کے حوالے سے مثبت اور معنی خیز گفتگو کی جاسکے ۔ پروفیسر ایم شافع قدوائی نے ماس میڈیا پینل کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پینل ورکنگ جرنلسٹ کے لیے بہت اہم ہے۔ بنیادی مسائل سے عدم واقفیت کی بنا پر بسااوقات بہت سی فاش غلطیاں بھی دیکھنے کو ملتی ہیں۔ آج اردو میڈیا سے وابستہ افراد کو زبان و بیان اور صحافتی اصول و ضوابط سے واقف کرانا بہت ضروری ہے۔ اس پینل کے ذریعے ماضی میں بھی قومی اردو کونسل نے اہم ورکشاپ کرائے جن کے مفید اور مثبت نتائج سامنے آئے۔ اس طرح کے ورکشاپ کی مزید ضرورت ہے۔ ڈاکٹر قاسم خورشید (سابق صدر ایس سی آر ٹی بہار) نے کہا کہ منظرنامہ بدل چکا ہے، بدلتے منظرنامے کے مطابق ہی منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے۔ پروفیسر دانش اقبال (انور جمال قدوائی ماس کمیونی کیشن ریسرچ سینٹر، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے کہا کہ آج کے دور میں میڈیا کے جو اہم مسائل ہیں ان پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے ۔ جناب محمد سلیم عارف نے کہا کہ تلفظ اس وقت کا اہم مسئلہ ہے۔ اس کے لیے ہمیں تھیٹر ورکشاپ اور اسپیکنگ ڈکشنری کی سخت ضرورت ہے۔ پروفیسر سیدہ افسانہ (میڈیا ایجوکیشن ریسرچ سینٹر، کشمیر یونیورسٹی ) نے کہا کہ اردو زبان کو پاپولر بنانے کے لیے اسٹوری ٹیلنگ کا نیشنل پروگرام کیا جائے تو اس سے نوجوانو ں کو رہنمائی اور روشنی ملے گی۔ ان حضرات کے علاوہ پروفیسر وریندر کمار بھارتی (صدر ڈپارٹمنٹ آف پبلی کیشنز اینڈ ایڈیٹر کمیونی کیٹر جنرل، آئی آئی ایم سی، نئی دہلی)، پروفیسر احتشام احمد خان (اسکول آف ماس کمیونی کیشن اینڈ جرنلزم، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد)، ڈاکٹر شہباز حسیبی (پی آئی بی)، جناب محمد عبدالستار (وائس پریسیڈنٹ فار دکن اردو ایڈیٹرس کانفرنس ، حیدرآباد) وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔ میٹنگ کے دوران اس پینل کے تحت مختلف ایجنڈوں پر غور و خوض کیا گیا۔ ڈاکٹر کلیم اللہ (ریسرچ آفیسر) کے اظہار تشکر پر میٹنگ کا اختتام عمل میں آیا۔