سائنس اور ٹیکنا لوجی کی معلومات اور ان کا استعمال بہتر مستقبل کے لازمی عناصر ہیں:پروفیسر اسلم جمشید پوری
میرٹھ:تعلیم یافتہ بے روز گار نوجوانوں کو روزگار سے متعلق مدد کرنے اور ان کے مستقبل کے در پیش مسائل کو حل کر نے کے لیے یونیورسٹی کی سیوا یوجن سوچنا اور منترنا کیندر،چودھری چرن سنگھ یو نیورسٹی ،میرٹھ نے شعبۂ اردو کے اشتراک سے شعبۂ کے پریم چند سیمینار ہال میں کیرئر کائونسل پروگرام کا انعقادکیا۔صدارت کے فرائض صدر شعبۂ اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری نے انجام دیے اور مہمان خصوصی کے طور پر پرو فیسر ایس ایس گورو نے شرکت کی جب کہ خصوصی مقرر کی حیثیت سے ڈاکٹر روی کانت سرل نے پروگرام میں شرکت کی۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر آصف علی نے،استقبال ڈاکٹرارشاد سیانوی اور شکریے کی رسم ڈاکٹر شاداب علیم نے ادا کی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے ڈاکٹر روی کانت سرل نے کیریر کائونسلنگ کو طلبا کی تربیت کا ضروری حصہ بتاتے ہوئے کہا کہ منصو بہ بند طریقے سے کیا ہوا ہر کام مفید ہوتا ہے۔کیریر کے انتخاب میں بھی اس کی اہمیت مسلم ہے۔کیریر کے انتخاب میں ذاتی دلچسپی ،مثبت فکر اور عزم مصمم کو اپنا رہنمابنایا جانا چاہئے۔انہوںنے مزید کہا کہ کیریرکے تعلق سے عام طور پر انٹر میڈیٹ کے بعداعلیٰ درجات میں توجہ کی جاتی ہے جب کہ اس سلسلے میں ابتدا ئی درجات میں ہی بچے کی صلاحیتوں کی بنیاد پراس کے کیریر کا انتخاب کیاجانا چاہئے۔للت کمار نے کہا کہ بہتر مستقبل کے دو منتر ہیں۔دلچسپی پر مبنی کیریر کا انتخاب اور جہد مسلسل کیریر کے انتخاب میں تو سر پرست ،اساتذہ اور کونسلر مددکرسکتے ہیں لیکن عمل خود طلبا کو کرنا ہو گا۔فی زمانہ جس طرح روز گار کے مواقع کم ہو رہے ہیں انہوںنے عمل کی ضرورت کو مزید دو بالا کردیا ہے۔
مہمان خصوصی ،پلانٹ بریڈنگ اور یونیورسٹی کی سیوا یوجن سوچنا اور منترنا کیندر کے صدر پرو فیسر ایس ایس گورو نے کہا کہ یہ زمانہ سائنس اور ٹیکنا لوجی کازمانہ ہے مگر سائنس اور ٹیکنا لوجی کی معلومات ہی آپ کے بہتر مستقبل کی ضامن نہیں ہو سکتی بلکہ اپنی معلو مات اور اپنے ہنر کی بہترین پیش کش بھی لازمی ہے۔انہوں نے ایک مثال دے کر سمجھا یا کہ دوکان میں بھلے ہی اچھا سامان بھرا پڑا ہولیکن پرزینٹیشن صحیح نہ تو خاطر خواہ منافع حاصل نہیں کیا جا سکتا۔اپنی صدا رتی تقریر میں پرو فیسر اسلم جمشید پوری نے طلبہ کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنا لوجی کی معلومات اور ان کا استعمال بہتر مستقبل کے لازمی عناصر ہیں لیکن یہ یاد رہے کہ یہ ہمیں اپنے انسانی وصف سے دور نہ کردے۔کیونکہ ہم پہلے انسان ہیں۔میل جول ،بھائی چارہ اور آپسی اتحاد ملک و قوم کی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔معاشرے میں ذات پات،اونچ نیچ کی تفریق،سماجی نابرابری اور نفرت وتعصب کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔اس سلسلے میںاسا تذہ اور طلبا کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔کیرئر کائونسل پرو گرام میں طلبہ و طالبات نے بڑی دلچسپی سے حصہ لیا اور پروگرام سے مستفیض ہوئے۔ اس دوران طلبا کو سر ٹیفکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔