میرٹھ:میرٹھ کے بی ایس پی لیڈر اور سابق وزیر حاجی یعقوب قریشی کو بدھ کو الہ آباد ہائی کورٹ سے دوبڑی فوری راحت ملی ہے۔ سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے قریشی خاندان کی گوشت کی فیکٹری گرانے پر عبوری حکم امتناعی دے دیاہے۔ عدالت نے 26 اپریل تک مسماری روک دی ہے۔ اب گوشت فیکٹری کی مسماری کیس کی سماعت 26 اپریل کو ہوگی۔عدالت نے حکم نامے میں کہاہے کہ اگلی سماعت تک میٹیکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے گوشت کی فیکٹری کو گرانے کے عمل پر عبوری روک لگا دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یعقوب قریشی کی فیکٹری پر بلڈوزر چلانے کی تیاریاں جاری تھیں۔ عدالت کے فیصلے کے بعد حاجی کوبڑا ریلیف ملاہے۔قریشی اور ان کے خاندان کو دوسری بڑی راحت گرفتاری کے بارے میں تھی۔ ہائی کورٹ میں یعقوب قریشی اور اہل خانہ کے خلاف درج ایف آئی آر کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔سماعت کرنے والے جج نے کیس کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ جس کے باعث کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔ بنچ نے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔