بلندشہر میں جعلی ڈگریوں کی وجہ سے 11 اساتذہ ملازمت سے برخاست

بلندشہر:اترپردیش کے ضلع بلندشہر میں جموں کشمیر سے بی ایڈ اور بی ٹی سی کرکے بنیادی تعلیم کے اسکول میں ملازمت کررہے 11 اساتذہ کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے، کیونکہ ان اساتذہ پر یہ الزام ہے کہ ان کی ڈگری نیشنل کونسل آف ٹیچرس ایجوکیشن سے منظور شدہ نہیں ہے۔ بنیادی تعلیم کے افسر اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے یہ معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے بی ایڈ اور بی ٹی سی کرنے والے 11 اساتذہ کی ڈگریاں مشکوک پائی گئیں، ان اساتذہ نے جموں و کشمیر سے جن کالجوں سے ڈگریاں حاصل کیں وہ این سی ٹی ای کے ذریعہ منظورنہیں کی گئیں۔ حکومت کے حکم پر ان تمام اساتذہ کو برخاست کردیا گیا ہے اور اس کی رپورٹ حکومت اور محکمہ کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے حکم پر گذشتہ برسوں میں ضلع میں محکمہ بنیادی تعلیم کے کونسل اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتی کی گئی تھی، جس میں بی ایڈ اور بی ٹی سی پاس ہونے والے امیدواروں کو بھی مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں سے بھرتی کیا گیا تھا۔ بی ایڈ اور بی ٹی سی کرنے والے اساتذہ میں سے کچھ لوگوں کو جموں و کشمیر سے بھی بھرتی کیا گیا تھا۔ بھرتی کے بعد سرٹیفکیٹ کے امتحان میں جن کالجوں سے ان اساتذہ نے یہ ڈگری حاصل کی ہے، وہ متعلقہ کالج این سی ٹی ای کے ذریعہ منظور نہیں ہے۔