بی جے پی سے چراغ پاسوان کا سوال،ہم ووٹ کٹواہیں تو 2014 سے ساتھ کیوں رکھا؟

پٹنہ:بہار اسمبلی انتخابات میں ایل جے پی کے صدر چراغ پاسوان اور جدیوکے مابین زبردست تنائوہے ۔مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر کے بیان پر چراغ پاسوان نے بی جے پی کاگھیراؤکیا ہے۔ چراغ پاسوان نے کہاہے کہ اگرہم ووٹ کٹوا ہیں توپھر بی جے پی نے 2014 سے کیوں ساتھ رکھا ؟ نتیش کمار کے دباؤ میں بی جے پی ایسے بیانات دے رہی ہے۔ اسے اپنے ذہن کواستعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے صاف کہاہے کہ اگر نتیش کمار وزیراعلیٰ بن گئے تو وہ این ڈی اے میں نہیں ہوں گے۔چراغ پاسوان نے کہاہے کہ وزیر اعظم نے میرے والد (رام ولاس پاسوان) کی بہت عزت کی۔ میں وزیر اعظم کے ساتھ ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔ الیکشن ہولی کی طرح ہے۔ اس میں بہت سارے رنگ نظر آتے ہیں۔ ہولی کی طرح انتخابات کے بعد لوگ نہا کر بھی تیار ہوجاتے ہیں۔ چراغ پاسوان نے کہاہے کہ 143 نشستوں پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ میراہے۔ ہم جے ڈی یوکے خلاف امیدوار کھڑے کریں گے۔ نتیش کمار کے کہنے پر بی جے پی کے کچھ لیڈران بیانات دے رہے ہیں ، لیکن بہار میں بی جے پی اور ایل جے پی حکومت بنائے گی۔ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکرنے کہاہے کہ ایل جے پی بہار کے انتخابات میں کوئی اثر نہیں ڈال پائے گی۔ ایل جے پی بہار کے انتخابات میں کٹوا پارٹی کے طور پر ہوگی ۔پرکاش جاوڈیکر نے واضح کیاہے کہ صرف چار پارٹیاں (بی جے پی ، جے ڈی یو ، ہم اور وی آئی پی) بہار میں ساتھ مل کرالیکشن لڑ رہی ہیں۔