بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کا متنازعہ بیان ،وزیر اعلی ممتا بنرجی کو کہا’پاگل‘

بھوپال:بھوپال سے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ ٹھاکر ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ سادھوی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے بارے میں متنازعہ بیان دیا ہے۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا کے قافلے پر حملے کے بعد انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی ممتا بنرجی پاگل ہوگئیں ہیں۔ انہیں سمجھ میں آگیا ہے کہ یہ ہندوستان ہے پاکستان نہیں، جس پر وہ حکمرانی کررہی ہیں۔ بنگال میں بی جے پی کی حکمرانی آئے گی، ہندو ئوں کاراج آئے گا۔ حال ہی میں بھوپال میں تاجروں سے خطاب کے دوران پرگیہ ٹھاکر نے یہاں تک کہا کہ ایک ووٹ دے کر کوئی کسی کو نہیں خریدتا، ووٹ تو خریدے بھی جاتے ہیں۔ کانگریس یہی کرتی رہی ہے۔ بی جے پی کی ممبر پارلیمنٹ نے بھوپال کے علاقے نیو مارکیٹ میں نئے رہائشی کمپلیکس کے بھومی پوجن کے پروگرام میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہمیں ووٹ دے کر نہیں خریدتے۔ اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی۔واضح رہے کہ سادھوی پرگیہ ٹھاکر اپنے بیانات کی وجہ سے تنازعات میں رہتی ہیں۔ لوک سبھا میں ایس پی جی ترمیمی بل پر بحث کے دوران انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قتل کے مجرم ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیا تھا۔