بی جے پی ایم پی ریتا بہوگنا جوشی بھی کورونا پازیٹیو،لکھنؤ پی جی آئی ہسپتال میں داخل

لکھنؤ:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی کورونا پازیٹیو پائی گئی ہیں۔ انہیں علاج کے لئے لکھنؤ کے پی جی آئی میں داخل کیا گیا ہے ۔ گلے کی سوجن اور تکلیف کی وجہ سے ریتا بہوگناجوشی نے اپنی جانچ کرائی تھی ۔ ان کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔دریں اثناملک میں آج تک ایک ہی دن میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ جمعرات کوشعبۂ صحت کے افسران نے بتایا کہ ملک میں 1043 نئی اموات کے ساتھ کووڈ 19 سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 67376 ہوگئی ہے۔ متاثرہ کیسز میں سے 815538 فی الحال فعال کیسز ہیں۔اب تک کووڈ 19 کے 2970492 مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 68584 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں بحالی کی شرح 77.09 فیصد ہوگئی ہے۔ گزشتہ کئی مہینوں سے صحت یابی کی شرح میں مستقل اضافہ ہوا ہے ۔ ایک دن میں اس بیماری سے 60000 سے زائد مریض ٹھیک ہو رہے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق انڈمان اور نکوبار جزائر، دہلی، بہار، تمل ناڈو، مغربی بنگال سمیت 12 ریاستیں ہیں جہاں صحت یابی کی شرح قومی اوسط سے زیادہ ہے۔ 808306 کیسزاور 24903 اموات کے ساتھ مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ریاست ہے، اس کے بعد آندھرا پردیش میں 445139 کیسزاور 4053 اموات ہیں۔اس کے بعد تمل ناڈو، کرناٹک، اترپردیش، دہلی، مغربی بنگال اور بہار کا نمبر آتا ہے۔