بی جے پی لیڈر تیجسوی سوریہ کے خلاف مقدمہ درج

حیدرآباد:تلنگانہ کے گریٹر حیدرآباد میونسپل انتخابات میں انتخابی مہم چلانے والے بی جے پی لیڈرتیجسوی سوریہ مشکل میں ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران ان کے خلاف حیدرآباد میں عثمانیہ یونیورسٹی میں بغیراجازت کے داخل ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پولیس نے یہ کارروائی عثمانیہ یونیورسٹی کے رجسٹرار کی شکایت پر کی۔ رجسٹرار نے تیجسوی سوریہ کے خلاف یونیورسٹی کیمپس میں غیر قانونی داخلے کی شکایت کی تھی۔ تلنگانہ پولیس چیف منوہر ریڈی نے جمعرات کویہ اطلاع دی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخاب میں بی جے پی امیدواروں کے لیے مہم چلا رہی ہے۔ اس دوران انہوں نے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی اورتلنگانہ راشٹر سمیتی کے رہنماؤں کے خلاف متعدد قابل اعتراض بیانات دیئے ہیں۔ بنگلوروسے رکن پارلیمنٹ تیجسوی نے منگل کواپنے حامیوں کے ساتھ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے مبینہ طور پر کالج کے گیٹ پرلگائے ہوئے خاردار تاروں کو ہٹا دیا اور طلباء سے خطاب کرنے کے لیے آرٹس کالج کی عمارت میں زبردستی پہنچ گئے۔