بی جے پی کے وزیر نے کہا:کسی بھی برادری کے امیدوار کو ٹکٹ دے سکتے ہیں،لیکن مسلم کو نہیں

بیلگام:کرناٹک کی بیلگام لوک سبھا سیٹ پرضمنی انتخاب ہونا ہے۔ اسی ضمن میں بی جے پی رہنما اور کرناٹک کے کابینہ کے وزیر کے ایس ایشورپا کا بیان سامنے آیا ہے۔ کے ایس ایشورپا نے کہا کہ وہ کسی بھی ہندو برادری کو ٹکٹ دے سکتے ہیں لیکن کسی مسلمان کو نہیں۔ واضح رہے کہ ایشورپا کرناٹک کے دیہی ترقی کے وزیر ہیں۔ایشورپا نے کہا کہ بیلگام ہندوتوا کا مرکز ہے اور اس کے کسی بھی حامی کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ ایشورپا نے کہاکہ ہم کسی بھی ہندو برادری کو پارٹی ٹکٹ دے سکتے ہیں۔ ہم کسی بھی لنگایت، کروبا، ووکا لنگا یا برہمن کو ٹکٹ دے سکتے ہیں لیکن کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دے سکتے ۔ مسلمان ہم پر یقین نہیں کرتے ہیں۔ گزشتہ سال اپریل میں ایشورپا نے کوپل میں بھی اسی طرح کا بیان دیا تھا۔ اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی کسی بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دے گی کیونکہ وہ پارٹی پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔