بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سنی دیول کورونا کی زد میں

شملہ:بالی ووڈ اداکار اور بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سنی دیول کورونا سے متاثرہ پائے گئے ہیں۔ ہماچل پردیش کے سکریٹری برائے صحت امیتابھ اوستی نے یہ معلومات دی۔انہوں نے بتایا کہ دیول گزشتہ کچھ دنوں سے کلّو میں مقیم تھے۔ ڈسٹرکٹ چیف میڈیکل آفیسر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سکریٹری نے بتایا کہ ممبر پارلیمنٹ اور ان کے دوست ممبئی روانہ ہونے کا ارادہ کر رہے تھے، لیکن وہ کورونا جانچ میں پوزیٹیو پائے گئے ۔کورونا پوزیٹیو ہونے کے بعد سنی دیول نے خود بھی ٹویٹ کیا ہے اور لوگوں کو اس کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے لکھاکہ میں نے کورونا ٹیسٹ کروایا اور اس کی رپورٹ مثبت آئی۔ میں آئیسولیشن میں ہوں اور میری صحت ٹھیک ہے۔ میری گذارش ہے کہ آپ سب جو گزشتہ کچھ دنوں سے میرے ساتھ رابطے میں آئے ہیں، براہ کرم اپنا اپنا ٹیسٹ کروالیں۔