بی جے پی کی ورچوئل ریلی سے بہار میں پھیلا کورونا:منوج جھا

پٹنہ:بہار میں اسمبلی انتخابات کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔ انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں دہلی میں آج آر جے ڈی، سی پی ایم سمیت نو جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ اس ملاقات میں کورونا پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاہے۔ اور اس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن سے اپیل کی جائے گی کہ کورونا کے چیلنج کے پیش نظر الیکشن کا منصوبہ بنایا جائے۔اس میٹنگ میں آر جے ڈی کی جانب سے منوج جھا، سی پی آئی کی طرف سے ڈی راجہ، سی پی آئی ایم ایل کی جانب سے دیپانکر بھٹاچاریہ، سی پی آئی (ایم) کی جانب سے ستارام یچوری، میسا پارٹی کے سنجیو مشرا، آر ایل سی کے اپیندر کشواہا، شرد یادو کی پارٹی کی طرف سے ارجن رائے موجودرہے ۔اس ملاقات کے بعد ستارام یچوری نے کہا کہ آج شام 4 بجے الیکشن کمیشن کی ورچوئل میٹنگ ہوگی۔ اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بہار میں انتخابات ہوتے ہیں تو ہر ایک کو برابری کی سطح مہیاکرانا چاہئے۔ ہر بوتھ پر 4 پولنگ اسٹیشن ہونے چاہئیں اور فی پولنگ اسٹیشن پر 250 سے زیادہ لوگ نہیں ہونا چاہئے۔اسی دوران آر جے ڈی رہنما منوج جھا نے کہا کہ بی جے پی کی ورچوئل ریلی سے بہار میں کورونا پھیلا ۔ ورچوئل ریلیوں میں جس طرح سے لوگ بیٹھے رہے ہیں انفیکشن کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ ہم انتخابات کے لئے تیار ہیں لیکن الیکشن کمیشن کو دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ ماحول انتخابات کے لئے موزوں ہے یا نہیں۔ اگر انتخابات ہوتے ہیں تو الیکشن کمیشن ہر کسی کو برابری کا موقع فراہم کرے۔