بہار ایس ٹی ای ٹی (2019) کے نتائج جاری، 24،599 امیدوار پاس

پٹنہ:بہار ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ (بہار ایس ٹی ای ٹی) کا نتیجہ جمعہ کو جاری کردیا گیا۔ وزیر تعلیم وجے کمار چودھری اور سیکریٹری محکمہ تعلیم نے نتائج جاری کیے۔ ساتویں مرحلے کے امتحان کا نتیجہ جاری کردیا گیا ہے۔ 15 میں سے 12 مضامین کے نتائج جاری کیے گئے ہیں ۔ 37440 میں سے کل 24599 امیدوار پاس ہوئے ہیں۔ معاملہ ہائی کورٹ میں ہونے کی وجہ سے نتائج نہیں آرہے تھے۔ امیدوار طویل مدت سے امتحان کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ستمبر 2020 میں 9 سے 21 تک آن لائن امتحانات لیے گئے تھے۔ کچھ امیدواروں نے امتحان میں پوچھے گئے کچھ سوالات پر اعتراضات اٹھائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوچھے گئے کچھ سوالات نصاب سے باہر ہیں۔ اس کے بعدپٹنہ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ، جسے عدالت نے مسترد کردیاتھا۔ ریاستی حکومت کے پاس سرکاری اسکولوں میں 37440 نشستوں کے لیے اسامی جگہ ہے۔ امیدوار bsebstet2019.in کے اس لنک پر جاکر بہار ایس ٹی ای ٹی (2019) کے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔وزیر تعلیم وجے چوہدری نے کہا کہ حکومت ایس ٹی ای ٹی 2019 کا نتیجہ جلد جاری کرنے کے لئے بہت کوششیں کر رہی تھی۔ انہوں نے حکومت کے حق میں فیصلہ منظور کرنے پر ہائی کورٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عدالت میں کہا گیا تھا کہ اسکولوں میں آسامیاں خالی ہیں ، اہل نوجوان بے روزگار ہیں ، اس لئے اساتذہ کی تقرری پر شنوائی کی جائے ۔خیال رہے کہ نتیجہ آنے کے بعد بہار میں ثانوی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تقریبا 37 ہزار اساتذہ کی بھرتی کا راستہ صاف ہوجائے گا۔