پٹنہ : (خان افسر قاسمی) بہار کے سیاسی گلیاروں سے بڑی خبر سامنے آرہی ہے جہاں اسدالدین اویسی کی پارٹی میں شگاف پڑ گیا ہے۔ اویسی کی پارٹی کے چار ممبر اسمبلی کی لالو یادو کی پارٹی میں شمولیت کی قیاس آرائیاں جاری ہیں، بتایاجارہا ہے کہ بہار پارٹی صدر اخترالایمان کو چھوڑ کر کوچا دھامن سیٹ سے محمد اظہار ، جوکی ہاٹ سے شہنواز عالم، بیاسی سے رکن الدین احمد، بہادر گنج سے انظار نعیمی جلد ہی آرجے ڈی جوائن کرسکتے ہیں۔ اویسی کی پارٹی کے چار ممبران اسمبلی کی شامل ہونے کی تصدیق بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے خود کی ہے۔ آر جے ڈی بہار نے اپنے ٹوئٹر سے بھی اعلان کردیا ہے کہ ’’سماجی انصاف اور سیکولرازم راشٹریہ جنتا دل کی سیاست کے ستون ہیں اور یہی وجہ ہےتیجسوی یادو جی سےمتاثر ہوکر آر جے ڈی میں شامل ہورہے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے پانچ میں سے چار ایم ایل اے آر جے ڈی میں شامل!بتایاجارہا ہے کہ آج دوپہر اچانک تیجسوی یادو نے بہار ودھان سبھا کے صدر وجے سنہا کے کمرے میں ایم آئی ایم کے چار ممبران اسمبلی کے ساتھ پہنچ کر ملاقات کی اس دوران اخترالایمان کے علاوہ مذکورہ سبھی موجود تھے۔ ان چاروں کی آر جے ڈی میں شمولیت کے ساتھ ہی بہار میں آر جے ڈی سب سے بڑی پارٹی ہوجائے گی، آر جے ڈی کے ۷۹ ممبران ہوں گے تو وہیں بی جے پی کے ۷۷ ہوں گے جو کہ دوسرے نمبر کی پارٹی ہوجائے گی۔