پٹنہ:بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کو اس وقت بڑاجھٹکا لگا جب اس کے ریاستی صدر بھرت بند نے ہفتہ کے روز راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) میں شمولیت اختیار کی۔ آر جے ڈی نے ٹویٹ کیاکہ بی ایس پی کے بہار پردیش کے صدر بھرت بند نے نیا بہار بنانے اور نوجوان مخالف بدعنوان نتیش حکومت کو ختم کرنے کے عزم کے ساتھ قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو کی سربراہی میں آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ تیجسوی یادو نے بھرت بند کو آر جے ڈی کی رکنیت دلائی ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے لئے اوپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک سمتا پارٹی اور بی ایس پی کے مابین اتحاد ہوا ہے۔ اس اتحاد میں پیپلز پارٹی (سوشلسٹ) بھی شامل ہے۔