بہارمیں پھر موب لنچنگ،ذہنی طور پر معذور نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل

پٹنہ:صوبہ بہار میں موب لنچنگ کے واقعات میں کوئی کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ تازہ اطلاع کے مطابق گیا ضلع واقع ڈوبھی تھانہ حلقہ میں ایک ذہنی طور پر معذور شخص کی لوگوں نے چور سمجھ کر بہیمانہ پٹائی کی جس سے وہ شخص جانبر نہ ہوسکااور موت کی نیند سو گیا۔ اس معاملے میں پولس نے اب تک تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور پورے معاملے کی تفتیش چل رہی ہے۔ پولس کے مطابق گروا تھانہ واقع جگن ناتھ پور گاؤں کے دیپک کمار (19 سال) اپنے پھوپھا شنکر پاسوان کے گھر پر کچھ دن سے رہ رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ شنکر پاسوان بدھ کی صبح اپنے گھر کے لیے پیدل ہی نکل گیا اور ڈوبھی تھانہ کے کیشاپی گاؤں پہنچ گیا۔ الزام ہے کہ یہاں کے لوگوں نے اسے چور سمجھ کر خوب پٹائی کی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ ڈوبھی کے تھانہ انچارج راہل رنجن نے جمعرات کو بتایا کہ ذہنی طور سے معذور دیپک کی مقامی اسپتال لے جانے کے دوارن موت ہو گئی۔راہل رنجن کے مطابق مہلوک کے پھوپھا کے بیان کی بنیاد پر ڈوبھی تھانہ میں اس معاملے کی ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، جس میں 9 لوگوں کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تین لوگوں کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے اور دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔