بہار کے عوام نے ثابت کیا کہ ریاست میں انصاف و ترقی کے لیے نتیش کمار ضروری ہیں:حبیب اللہ ہاشمی

جالے:جنتا دل یونائیٹیڈ (اقلیتی سیل) کے ریاستی جنرل سکریٹری حبیب اللہ ہاشمی نے لگاتار چوتھی بار کامیابی حاصل کرنے پر پارٹی کے قومی صدرنتیش کمار کو مبارکباد پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی تمام مخالفتوں کے باوجود بہار کی عوام نے نتیش کمار پر جو اعتماد کیا ہے وہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے – ہاشمی نے کہا کہ صاف ستھری شبیہ کے مالک نتیش کمار ہر ذات، ہرطبقے میں یکساں مقبول ہیں اور اس مقبولیت کی وجہ ان کا کام ہے ۔ وہ کئی سالوں سے ریاست میں انصاف کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ حبیب اللہ ہاشمی نے کہا کہ نتیش کمار واحد وزیر اعلیٰ ہیں جو اپنے مخالفین کو اپنے کام سے جواب دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اپنے پرائے سبھوں کی مخالفت کے باوجود ان پر عوام نے ان پر مکمل اعتماد کیا ہے اور آنے والے دنوں میں بھی وہ انصاف کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہناتے رہیں گے – ان کے مطابق نتیش کمار کے لگاتار چوتھی بار اقتدار میں آنے سے اقلیتوں ، دلتوں ،مزدوروں اور کسانوں میں خوشی کی لہر ہے۔ حبیب اللہ ہاشمی نے کہا کہ “بہار میں کا با” کا جواب عوام نے دے دیا ہےکہ “بہار میں نتیش کا کام با‘‘۔