Home قومی خبریں بہار کے مدارس میں تعلیمی پروگرام برائے نو بالغان کے تحت تربیت کا آغاز

بہار کے مدارس میں تعلیمی پروگرام برائے نو بالغان کے تحت تربیت کا آغاز

by قندیل

مدارس کے طلبہ کو با اختیار بنانے کے لیے اردو یونیورسٹی،اقوام متحدہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور بہار مدرسہ بورڈ کی مشترکہ کاوشیں
حیدرآباد:’’یہ ایک مثالی پروگرام ہے جس کے ذریعہ نوبالغان میں تنقیدی فکر پیدا کرنے اورانہیں ذمہ دار شہری بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔‘‘ ان خیالات کا اظہار بہار اسٹیٹ مدرسہ بورڈ کے چیئرمین جناب عبدالقیوم انصاری نے بہار کے مدارس میں تعلیمی پروگرام برائے نو بالغان کے تحت ایک ریاستی سطح کی ٹریننگ کے افتتاحی اجلاس میں کیا۔پروگرام میں بہار کے 12 اضلاع سے تقریباً 84سے زیادہ ماسٹر ٹرینرس اور فیسلٹیٹرس(سہولت کنندگان) نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ یہ تعلیمی پروگرام برائے نو بالغان ، پچھلے سال 2019 میں اقوام متحدہ آبادی فنڈ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور بہار اسٹیٹ مدرسہ بورڈ کی مشترکہ کاوشوں سے سیمانچل کے دو اضلاع پورنیہ اور کٹیہار میں شروع کیا گیا تھا۔ ابتدائی کامیابی اور اس پروگرام کی افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت بہار نے اس پروگرام کو پوری ریاست میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ تربیتی نصاب پر مبنی اس پروگرام کا بنیادی مقصد مدرسے کے نو بالغان میں تجزیاتی اورتنقیدی شعورو تخلیقی سوچ کو جلا بخشنا ہے تاکہ ان کے اندر زندگی کی موثر مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے۔اس مقصد کو یقینی بنانے کے لیے ایک تربیتی نصاب تیار کیا گیا ہے جس میں پانچ اہم پہلو – خود شناسی، تعلقات، صحت اور تندرستی، صنف ، ذمہ داراور سرگرم شہری شامل ہیں۔ اس پروگرام کے تمام ماڈیولس سرگرمی مرکوز ہیں۔اس سمت میں نئے ماسٹر ٹرینرس اور فیسلٹیٹرس کا انتخاب کیا گیا ہے جن کی ٹریننگ 18 تا 24 نومبر 2020تک پٹنہ میں واقع یوتھ ہوسٹل میں ہورہی ہے۔ پروگرام ڈائریکٹر، پروفیسر محمد شاہد نے بتایا کی اس تربیتی پروگرام کی مدد سے طلباء نہ صرف خود کو موجودہ تقاضوں کے لیے تیار کرسکیں گے بلکہ سائنسی، تکنیکی اور معاشرتی تقاضوں سے لیس ہوکر کامیاب زندگی گزار سکیں گے۔اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچاننے کی اہلیت پیدا ہوگی اور زندگی کی مہارتوں کی خاطر خواہ فروغ ہوگا۔اقوام متحدہ آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے) کے سربراہ ڈاکٹر ندیم نور نے کہا کی دور اندیشی کا تقاضا یہ ہے کی ہم آنے والی تبدیلی کا حصہ بنیں۔ اس کے لیے پہلے ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا تاکہ ایک روشن اور تابناک مستقبل کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوسکے۔ بہار مدرسہ بورڈ کے سکریٹری جناب سعید انصاری نے طلباء کا تعارف کروایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ سی ٹی ای، مانو دربھنگا کے پرنسپل پروفیسر فیض احمد جو اس پروجیکٹ کے پروگرام کوآرڈینیٹر بھی ہیں نے افتتاحی اجلاس کی نظامت کی اور تمام شرکاء کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حوصلہ افزا تجربے کی مدد سے مدرسوں میں درس و تدریس کے ماحول میں خوش آئند تبدیلیاں آئی ہیں۔ اسی تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پورے صوبے میں یہ پروجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر شفاعت احمد، اسسٹنٹ پروجیکٹ کوارڈینیٹر نے شکریہ ادا کیا۔

You may also like

Leave a Comment